پی اے ای سی گرلز کالج چشمہ کا اعزاز، طالبہ بریرہ سعدیہ نے فیڈرل بورڈ انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ میں 1042 مارکس لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی

چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم نے کامیابی پر ان کو اور انکے والدین کی محنت کو سراہا

منگل 21 اگست 2018 21:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) پی اے ای سی گرلز کالج کی ہونہار طالبہ بریرہ سعدیہ نے فیڈرل بورڈ انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ میں 1042 مارکس لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم نے پی اے ای سی گرلز کالج چشمہ کی طالبہ بریرہ سعدیہ اور اریفہ کی شاندار کامیابی پر ان کو اور انکے والدین کی محنت کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی کہ کمیشن کے تمام تعلیمی ادارے اسی طرح معیاری تعلیم کے ذریعے کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔

آنسہ بریرہ سعدیہ کا شمار بہترین طالب علموں میں ہوتا ہے۔ میٹرک میں بھی بریرہ نے 97 فیصد نمبر لے کر پورے چشمہ میں دوئم پوزیشن حاصل کی تھی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر انتظام چلنے والے تمام تعلیمی اداروں کے نتائج بہترین رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس میں اساتذہ کرام کے ساتھ ساتھ طلباء کی سخت محنت بھی شامل ہے۔کمیشن کی انتظامیہ بھی ان تعلیمی اداروں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ کمیشن کے ملازمین کے بچوں اور اردگرد رہنے والے طلباء کو معیاری تعلیم دے کر مستقبل کے چیلنجز کے لئے تیار کیا جاسکے۔

پی اے ای سی گرلز کالج چشمہ کی ایک اور طالبہ اریفة الستار ولد عبدالستار نے بھی حال ہی میں میٹرک کے امتحان 2018 میں پورے فیڈرل بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم نے اپنے پیغام میں اساتذہ کرام اور ڈائریکٹر ایجوکیشن کو تاکید کی کہ وہ معیارتعلیم کو مزید بہتر بنائیں۔

متعلقہ عنوان :