نیب نے فاروق احمد اعوان اور کامران علی کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کر دیا

جمعرات 30 اگست 2018 17:19

نیب نے فاروق احمد اعوان اور کامران علی کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2018ء) قومی احتساب بیورو( نیب) راولپنڈی نے انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس کے معاملہ پر سابق سیکرٹری وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیلی کام فاروق احمد اعوان اور سابق ممبر ( لیگل) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کامران علی کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کر دیا ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، پی ٹی سی ایل، پی ٹی اے کے افسران و اہلکاروں کی جانب سے انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس کے معاملہ پر ملزمان کے خلاف کیس دائر کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم فاروق احمد اعوان انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس کے متعلق پالیسی ہدایات کی تیاری و منظوری کے دوران سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام تھا۔

(جاری ہے)

ملزم نے پالیسی ہدایات میں نرخوں کا تعین کرکے اپنے اختیار سے تجاوز کیا۔ یہ مینڈیٹ کلی طورپر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا ہے۔ اس طرح ملزم نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور شریک ملزم کامران علی کے ساتھ مل کر لانگ ڈسٹنس اینڈ انٹرنیشنل (ایل ڈی آئی) کمپنیز کو غیرقانونی طورپر فائدہ پہنچایا جس کے نتیجہ میں انہیں بھاری نفع حاصل ہوا۔

اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہاکہ نیب کے اہلکاران اور افسران چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی قیادت میں اپنی قومی ذمہ داری سرانجام دینے کے لئے پرعزم ہیں۔