گوگل کا فاطمہ ثریا بجیا کو خراج عقیدت

ہفتہ 1 ستمبر 2018 11:05

گوگل کا فاطمہ ثریا بجیا کو خراج عقیدت
اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2018ء) پاکستان کی معروف ادیبہ اورڈرامہ نگار فاطمہ ثریا بجیا مرحومہ کوان کی 88 ویں سالگرہ پر سرچ انجن گوگل نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل بجیا کے نام کردیا۔ فاطمہ ثریا بجیا یکم ستمبر 1930ء کو بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئیں اور قیام پاکستان کے فوری بعد اپنے خاندان کے ساتھ کراچی میں سکونت اختیار کی۔

فاطمہ ثریا بجیا ملک کی معروف ادبی شخصیت انور مقصود کی بہن تھیں۔فاطمہ ثریا بجیا نے ٹیلی وژن کے علاوہ ریڈیو اور سٹیج کے لیے بے شمار ڈرامے لکھے۔ جب کہ ان کے معروف ڈراموں میں’عروسہ، شمع، انا اور افشاں سمیت متعدد ڈرامے شامل ہیں۔ انہوں نے طویل دورانیے کا پہلا ڈرامہ ’ مہمان‘ لکھا جب کہ انہوں نے بچوں کے لیے بھی ادبی پروگرام تحریر کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ڈراموں میں وسیع خاندانوں میں خونی رشتوں کے درمیان تعلق اور رویوں کو انتہائی خوب صورتی سے بیان کیا۔1997ء میں حکومت نے انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی اور 2012ء میں ہلال امتیاز سے نوازا۔ جاپان نے بھی انہیں اپنا اعلیٰ ترین شہری اعزاز عطا کیا۔برسی کے موقع پر فاطمہ ثریا بجیا کے حلقہ احباب کہتے ہیں کہ بجیا تہذیب، شفقت اور خلوص کا پیکر تھیں۔

علم وادب کے لئے فاطمہ ثریا بجیا کی خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔گوگل کی طرف سے ایسا پہلا موقع نہیں کہ جب پاکستان کی کسی اہم شخصیت کا ڈوڈل پیش کیا گیا ہو۔ ماضی میں پاکستان کے یوم آزادی کے علاوہ عبدالستار ایدھی، نصرت فتح علی خان، صادقین،نورجہاں اور نازیہ حسن سمیت کئی شخصیات کے ڈوڈل بنا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔