ملک بھر میں پاک فضائیہ نے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا

ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور ملک کے دفاع کی خاطر بہنے والا شہداء کا خون اس امر کا متقاضی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کریں، سربراہ پاک فضائیہ

جمعہ 7 ستمبر 2018 19:17

ملک بھر میں پاک فضائیہ نے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2018ء) ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا۔ ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک سادہ مگر پر وقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔

تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز اور ائیر مین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دن کا آغاز1965 اور 1971 کی جنگوں کے پاک فضائیہ کے شہداء اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعائوں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ امر ہم سب کے لئے باعثِ فخر ہے کہ آج ہم وطنِ عزیز کے تحفظ ا ور سلامتی کے لئے جان کی بازی لگانے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے انتہائی دلیری سے وطن عزیز کا دفاع کیا۔

(جاری ہے)

ساری قوم ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور آج کی یہ تقریب ان کی خدمات کے اعتراف کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور اس ملک کے دفاع کی خاطر بہنے والا شہداء کا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں۔ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم لسانی، علاقائی اور فرقہ ورانہ سوچ سے بالا تر ہو کہ ملک کی معاشی ، اقتصادی ، معاشرتی اور تعلیمی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

یقینا پاکستان ہماری شناخت ہے اور ہمیں پاکستان سے پیار ہے وہ دن دور نہیں جب پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے گا ۔اسی طرح پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل احسن رفیق، ائیر آفیسر کمانڈنگ ،سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ملک بھر میںپاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔