ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول پر مامور پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر کا مسقط کا دورہ

کمانڈنگ آفیسر نے سعد بن سلطان نیول بیس کے کمانڈرکموڈور سیف بن محمد بن حدیب ال حبسی او ردیگر بحری عہدیداران سے ملاقاتیں کیں،پاک بحریہ کے آفیسرز اور عملے کا سلطان آرمڈ فورسز میوزیم کا دورہ جہاز کے آفیسرز اور عملے نے عمان کے ساتھ باہمی تعلقات کے اشتراک کے باہمی سلسلے کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا

منگل 11 ستمبر 2018 20:25

ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول پر مامور پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2018ء) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر نے خلیج عمان میں میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کی تعیناتی کے دوران عمان کی بندر گاہ مسقط کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام کا مقصد گہرے سمندروں میںقومی جہازرانی اور بحری سکیورٹی کو ممکن بناتے ہوئے عالمی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور حساس بحری راہداریوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔

پی این ایس خیبر کا تعلق پاک بحریہ فلیٹ کے (25) پچیسویں ڈسٹرائیر سکوارڈن سے ہے اورمختلف النوع خطرات میں ہر قسم کا میری ٹائم آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جہاز پر ایلوٹ ہیلی کاپٹر بھی موجود ہوتا ہے۔پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی سفارتی اوردوستانہ تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

پی این ایس خیبر کے دورے نے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید استحکام کے ساتھ ساتھ عمان میں موجود پاکستانیوں کے ساتھ یوم ِ دفاع کو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا سنہری موقع فراہم کیا۔

اس سلسلے میں جہاز پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رائل نیوی آف عمان کے ڈپٹی کمانڈر کموڈور سعد بن عبداللہ ال سعدی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ عمان میں تعینات پاکستان کے سفیر علی جاوید نے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کے ساتھ شریک میزبان کے طور پر شرکت کی۔تقریب میں سلطنت آف عمان کے نمایاںسرکاری نمائندگان ، بحرین، سعودی عرب ، لبنان ، قطر ، سوڈان اور ترکی کے سفیروں اور چین ، مصر، فرانس ، ایران، اٹلی ، سعودی عرب، کوریا، ترکی اور امریکہ کے دفاعی اتاشیوں نے شرکت کی۔

پی این ایس خیبر کے دورے کے دوران جہاز کے آفیسرز اور عملے نے عمان کے ساتھ باہمی تعلقات کے اشتراک کے باہمی سلسلے کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے سعد بن سلطان نیول بیس کے کمانڈرکموڈور سیف بن محمد بن حدیب ال حبسی او ردیگر بحری عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔پاک بحریہ کے آفیسرز اور عملے کا سلطان آرمڈ فورسز میوزیم کا دورہ ، رائل نیوی ، رائل ائیر فورس اور رائل آرمی کے آفیسرز کا پی این ایس خیبر کا دورہ بھی دیگر سرگرمیوں میں شامل تھا۔

عمان میں مقیم پاکستانیوں اور اسکول کے بچوں کی کثیر تعداد نے پی این ایس خیبر کا دورہ کیا۔باہمی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے عمانی جہاز RNOV AL NAASIR کے ساتھ پیسج مشق (Passage Exercise (PASSEX) )کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ مشق کے اختتام پر پی این ایس خیبر نے خلیج عدن میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا دوبارہ آغاز کر دیا۔