ابو ظہبی:گاڑی میں پھنسی اکیلی بچی کو بچا لیا گیا

پولیس کے مطابق بچوں کو بند گاڑی میں اکیلا چھوڑنا انتہائی خطرناک عمل ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 ستمبر 2018 14:43

ابو ظہبی:گاڑی میں پھنسی اکیلی بچی کو بچا لیا گیا
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 ستمبر 2018ء) ابو ظہبی پولیس نے ایک SUV (Sprots Utility Vehicle) کار میں پھنس جانے والی بچی کا دم گھُٹنے سے بچا لیا۔ بچی کو باہر نکالنے کے لیے گاڑی کی کھڑکی کا شیشہ توڑا گیا۔ سنٹرل آپریشنز سیکٹر کے ڈائریکٹر میجر جنرل علی خلفان الظہری نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ یاس جزیرے کے علاقہ البندر میں پیش آیا۔ابو ظہبی پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ایک اِن ڈور پارکنگ ایریا میں کھڑی SUV گاڑی کے اندر کافی دیر سے ایک ننھی بچی موجود ہے جسے اُس کے والدین گاڑی میں بند کر کے کہیں چلے گئے ہیں اور بچی گھبراہٹ اور پریشانی کا شکار دکھائی دیتی ہے۔

اس اطلاع پر ڈائریکٹوریٹ آف ایمرجنسی اینڈ پبلک سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک یونٹ موقع پر روانہ کیا گیا جس نے گاڑی کی کھڑکی کی شیشہ توڑ کر بچی کو فوری طور پر گاڑی سے باہر نکال لیا۔

(جاری ہے)

اس وقت بچی آکسیجن کی کمی کے باعث اُکھڑے اُکھڑے سانس لے رہی تھی‘ میڈیکل سٹاف نے بچی کا سانس بحال کیا۔ میجر جنرل الظہری نے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں کو کبھی بھی گاڑی میں اکیلا چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے کیونکہ یہ عمل بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ عمل کے باعث بچے کی زندگی کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں اور کئی بچے اس ناقابلِ معافی لاپرواہی کی وجہ سے موت کے منہ میں بھی جا چکے ہیں۔ کئی والدین بچوں کو زیادہ دیر تک گاڑی میں بند کر کے شاپنگ میں مصروف رہتے ہیں یا کسی اور تفریح میں لگ جاتے ہیں۔ زیادہ دیر تک بچے کے گاڑی میں بند رہنے کے باعث بچہ آکسیجن کی کمی کا شکار ہو جاتا ہے۔ جبکہ گرمیوں کے موسم میں شدید درجہ حرارت کے باعث بچوں میں بڑی جلدی پانی کی کمی واقع ہو جاتی ہے۔ اس موقع پر بچی کے والد نے اپنے غیر ذمہ دارانہ رویئے پر معذرت کی اور ابو ظہبی پولیس کی بروقت اور تیز رفتار امدادی کارروائی کو بہت زیادہ سراہا جس کے باعث بچی کی جان کو شدید خطرات لاحق نہیں ہوئے۔