پاک بحریہ کے جہازپی این ایس سیف کا مصر کی بندرگاہ الیگزینڈریاکا دورہ

جمعہ 14 ستمبر 2018 20:38

پاک بحریہ کے جہازپی این ایس سیف کا مصر کی بندرگاہ الیگزینڈریاکا دورہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے مصرکی بندرگاہ الیگزینڈریا کا تربیتی و خیر سگالی دورہ کیا۔ تیسرا سورڈ کلاس فریگیٹ پی این ایس سیف پاک بحریہ کے جنگی فلیٹ کے اٹھارھویں ڈسٹرائر اسکواڈرن کا صف اول کا جہاز ہے ۔ یہ جہاز جدید ہتھیاروں اور سنسرزسے لیس ہے اور مختلف النوع خطراتی ماحول میں ہر نوعیت کے میری ٹائم آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اینٹی سب میرین وار فیئر ہیلی کاپٹر Z9ECبھی جہاز پر موجود ہوتا ہے۔الیگزینڈریا کے پانیوں میںپہنچنے پرمصر نیوی کی پٹرول کرافٹ نے پی این ایس سیف کو اپنے حفاظی حصار میں لیکر بندرگاہ تک پہنچایا۔بندرگاہ آمد پر قاہرہ میں تعینات پاکستان کے دفاعی اتاشی اور مصری نیوی کے رابطہ آفیسر نے جہاز کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

بندرگاہ کے دورے کے دوران پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسرنے الیگزینڈریا نیول بیس کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ ریئر ایڈمرل ایہاب محمد سوبہی اور دیگرعسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسر نے مصر کی عوام بالخصوص مصری بحریہ کے لیے پاک بحریہ کے سربراہ کی نیک خواہشات پہنچائیں۔انہوں نے جہاز کے قیام کے دوران بھر پور تعاون کی فراہمی پر مصری بحریہ اور الیگزینڈریاپورٹ اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا۔کمانڈنگ آفیسر نے الیگزینڈریا میں یادگارِ شہدائے پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

بندرگاہ پر تین روزہ قیام کے دوران، پاک بحریہ کے آفیسرز وجوانوں نے مصری بحریہ کے جہازوں انوار السادات اور تاہیہ مصر کا دورہ کیا جبکہ مصر ی بحریہ کے آفیسرز نے پی این ایس سیف کا دورہ کیا۔دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین فٹ بال میچ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ پی این ایس سیف پر ایک ضیافت کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں مختلف ممالک کے سفیروں اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان کے تشخص کو اُجاگر کیا گیا اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار کو اُجاگر کیا گیا۔بندرگاہ کے دورے کی تکمیل پرپی این ایس سیف اور مصر بحریہ کے ابو قِرکے درمیان بحری مشق کا بھی انعقاد کیا گیا جس کامقصد مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانااور ایک دوسرے کے پیشہ ورانہ تجربات سے فائد ہ اُٹھانا تھا۔

متعلقہ عنوان :