پنجاب میں 100دن میں 200کھالہ جات کی 50فی صد اضافی پختگی کا اعلان

ہفتہ 15 ستمبر 2018 18:33

پنجاب میں 100دن میں 200کھالہ جات کی 50فی صد اضافی پختگی کا اعلان
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) محکمہ زراعت پنجاب نے زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت کھالوں کی اضافی پختگی کے منصوبہ کا آغاز کر دیا۔ زرعی ترجمان نے اے پی پی کوبتایاکہ منصوبہ کے تحت کھالوں کی 50فیصد تک اضافی پختگی کیلئے سال 2018-19میں فنی ومالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کے ترجمان نے کہاہے کہ شعبہ اصلاحِ آبپاشی 100 دنوں میں 200 کھالہ جات کی اضافی 50 فیصد پختگی کا کام مکمل کرے گا۔

ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو مزید بتایا کہ منصوبہ کے تحت کھال کی پختگی کا کام شروع کرنے سے پہلے اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ تعمیر شدہ کھال کی درستگی ہو چکی ہو۔ کھالہ جات کی تعمیر کیلئے درکار تمام سامان کاشتکار خود خرید کریں گے جس کی کل لاگت حکومت پنجاب ادا کرے گی جبکہ کاشتکار کے ذمہ صرف راجوں اور مزدوروں کے اخراجات کی ادائیگی ہوگی۔

(جاری ہے)

حصہ داران کھال متعلقہ انجمن آبپاشیاں کے ذریعے ترقیاتی کام مکمل کریں گے جس کی تصدیق متعلقہ ادارہ کرے گا۔ کھالہ جات کی اصلاح کیلئے مجوزہ درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر/ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی) کے دفاتر سے دفتری اوقات میں مفت دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ درخواست فارم محکمہ زراعت شعبہ اصلاحِ آبپاشی کی ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈائون لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔

کاشتکار اپنی درخواستیں متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاحِ آبپاشی) کے دفتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔ مزید معلومات کیلئے کاشتکار دفتری اوقات میں فون نمبر 042-99200710 پر بھی رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کھالہ جات کی اصلاح کرنے سے دستیاب پانی کی بچت ہوگی اور پانی کا بہائو بہتر ہونے سے فصلات کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :