سدھو کے دورہ پاکستان،سیاستدانوں سے گلے ملنے پر بھارتی وزیر خارجہ برہم

نارووال کے قریب کرتار پور بارڈر کھولنے کا معاملہ صرف سدھو کی وجہ سے سیاست کا شکار ہو گیا،سشما سوراج

منگل 18 ستمبر 2018 14:55

سدھو کے دورہ پاکستان،سیاستدانوں سے گلے ملنے پر بھارتی وزیر خارجہ برہم
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ کی پاکستان کے دورے اور آرمی چیف سے گلے ملنے پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج بھی برہم ہوگئیں، سابق کرکٹر سے ملاقات میں ناراضی کا اظہار کیا اور انہیں ڈانٹ پلادی۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی کے مطابق سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک بھارت کی سوچ سب سے چھوٹی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے پاکستان کے دورے پراس کا غصہ تاحال کم نہیں ہوا ۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے نوجوت سنگھ سدھو پر الزام لگایا کہ نارووال کے قریب کرتار پور بارڈر کھولنے کا معاملہ صرف ان کی وجہ سے سیاست کا شکار ہو گیا ۔سشما سوراج نے سدھو سے کہا کہ بھارت کرتار پور سرحد کھولنے کے لئے پاکستان سے بات کرنے کی تیاری کر رہا تھا لیکن ان کے بیانات کی وجہ سے معاملہ موخر ہو گیا ہے۔