یمن، گذشتہ 10 روز میں سرکاری فوج سے شدید لڑائی میں 1300 حوثی باغی ہلاک

یمنی فوج کی پیش قدمی،الجمیمہ میں واقع حوثی تحریک کے بانی حسین الحوثی کی قبر کے نزدیک پہنچ گئی ،عسکری حکام

بدھ 19 ستمبر 2018 11:30

یمن، گذشتہ 10 روز میں سرکاری فوج سے شدید لڑائی میں 1300 حوثی باغی ہلاک
صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) یمن کے دو صوبوں الحدیدہ اور صعدہ میں گذشتہ دس روز سے سرکاری فوج اور حوثی شیعہ باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم تیرہ سو حوثی باغی ہلاک ہوگئے ۔ان میں ایک بڑی تعداد عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں ماری گئی ۔یمنی فوج صوبہ صعدہ میں مران کے پہاڑی علاقے کی جانب پیش قدمی کررہی ہے اور وہ حوثی ملیشیا کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد الجمیمہ میں واقع حوثی تحریک کے بانی حسین الحوثی کی قبر کے نزدیک پہنچ گئی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق یمنی فوج کے تیسرے بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈئیر عبدالکریم السدعی نے بتایا کہ ان کے دستے حوثی ملیشیا کے مرکز اور مضبوط گڑھ جرف سلمان کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ علاقہ حوثیوں اور ان کے لیڈر عبدالملک الحوثی کے لیے اہم خیال کیا جاتا ہے اور وہ اسی علاقے میں مقیم ہے۔یمنی فوج کے مطابق صعدہ کے ضلع حیدان میں واقع جبال مران میں گذشتہ دس روز سے جاری اس شدید لڑائی میں کم سے کم تیرہ سو حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

بریگیڈئیر السدعی نے بتایا کہ مران کے محاذ پر حوثی ملیشیا کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے پیش نظر گذشتہ چند روز میں نئے قبرستان بنائے گئے ہیں تاکہ ان مہلوکین کی وہاں تدفین کی جاسکے۔اس کے علاوہ اب حوثی ملیشیا کو اپنے مضبوط گڑھ کے ممکنہ سقوط پر بھی تشویش لاحق ہونا شروع ہوگئی ہے۔سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد اس جنگ میں اہم اور براہ راست کردار ادا کررہا ہے۔

واضح رہے کہ جرف سلمان صوبہ صعدہ کے جنوب مغرب میں جبال مران کے پہاڑی سلسلے میں واقع ایک گاؤں ہے۔یہ حوثی لیڈر عبدالملک الحوثی کا ہیڈ کوارٹر ہے اور یہیں حوثی تحریک کا بانی حسین الحوثی مقیم رہا تھا۔اس نے سابق صدر علی عبداللہ صالح کی حکومت کے خلاف مسلح بغاوت برپا کی تھی اور وہ یمن کی مسلح افواج کی کارروائی میں 10 ستمبر 2004ء کو ہلاک ہوگیا تھا۔