Live Updates

سزا معطل ہوئی ہے ، نواز شریف یا مریم کیس سے بری نہیں ہوئے

پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے مسلم لیگ ن کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 ستمبر 2018 16:41

سزا معطل ہوئی ہے ، نواز شریف یا مریم  کیس سے بری نہیں ہوئے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2018ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا اور قیدیوں کو 5،5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصلے کے وقت پارٹی صدر شہباز شریف ، پارٹی کے مرکزی رہنما اور پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سنتے ہی خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مبارکبادوں اور مٹھائیوں کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ مسلم لیگ ن کی خوشیوں اور مبارکبادوں کے تسلسل کو دیکھتے ہوئے پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس نے مسلم لیگ ن کی خوشی کا مزہ کرکرا کر دیا۔

(جاری ہے)

حمزہ علی عباسی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی سزا معطل ہوئی ہے انہیں کیس سے بری نہیں کیا گیا۔

ان کی اپیلوں پر سماعت پر ضمانت پر رہائی کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ اپیلوں پر فیصلہ آنے تک ایک عارضی فیصلہ ہے۔ لہٰذا مسلم لیگ ن سے گذارش ہے کہ وہ آرام سے اس فیصلے کا جشن منائیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نیب عدالت نے سزا دی تھی جس کے تحت سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 جب کہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلے میں نوازشریف کو 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز کو 20 لاکھ پاؤنڈ جُرمانہ بھی عائد کیا اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو ضبط کرنے کا بھی حکم دیا جب کہ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر پرکوئی جُرمانہ عائد نہیں کیا۔ تینوں مجرموں نے سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کیں، جن کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج تینوں مجرموں کی سزا معطل کرنے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔ جبکہ تینوں قیدیوں کو 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات