عالم اسلام کو مصائب کا سامنادین سے دوری کی وجہ سے ہے‘صدر پیپلز پارٹی لاہور

جمعرات 20 ستمبر 2018 14:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہاہے کہ قوم محرم الحرام کے مہینے میں پُرامن رہیں اور اتحاد و یگانگت کا ثبوت دیں عالم اسلام کو آج جن مصائب وآلام کا سامناہے وہ دین سے دوری کی وجہ سے ہیں۔ ان مشکلات کاحل صرف اورصرف اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے۔

(جاری ہے)

امت مسلمہ کو اخوت و بھائی چارہ اور یگانگت و اتحاد کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ امت مسلمہ غیروں کی غلامی چھوڑ کر خود پر انحصار کرے تو ہمارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بھائی چارے ، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت موجودہ حالات میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔کوئی بھی دشمن ہمارے اس قومی اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ کرکے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔