Live Updates

پی ٹی آئی کا عمران خان کی صحت کے حوالے سے عدالتی حکم عدولی کے نوٹس کا مطالبہ

عدالت عمران خان اور بشریٰ بی بی کے بااعتبار ڈاکٹرز سے باقاعدگی سے طبی معائنے سے متعلق اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 مئی 2024 19:02

پی ٹی آئی کا عمران خان کی صحت کے حوالے سے عدالتی حکم عدولی کے نوٹس کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے عدالتی حکم عدولی کے نوٹس کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پارٹی قائد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق عدالتی حکم عدولی کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت اور سلامتی بنیادی اہمیّت کی حامل ہے۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کی صحت و سلامتی کروڑوں پاکستانیوں کے لیے مسلسل تشویش کی ایک بڑی وجہ ہے، عدالت عمران خان اور بشریٰ بی بی کے بااعتبار ڈاکٹرز سے باقاعدگی سے طبی معائنے سے متعلق اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے، اس معاملے پر جیل انتظامیہ اور حکومتی مشینری کی جانب سے حکم عدولی کا سختی سے نوٹس لیا جائے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے پی ٹی آئی رہنماء انتظار حسین پنجھوتا نے کہا ہے کہ ٹرائل جج نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بلڈ ٹیسٹ اور چیک اپ کا حکم دیا تھا، پیر کے روز اس جج کے سامنے اس درخواست اور حکم کو رکھ کر توہین عدالت کا مطالبہ کیا جائے گا اور فوری میڈیکل چیک اپ کا مطالبہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جان کو درپیش خطرات کے پیش نظر ہم نے مہینہ میں دو بار مکمل میڈیکل چیک اپ اور ٹیسٹس عمران خان کے پرائیویٹ ڈاکٹرز سے کرانے کا مطالبہ کر رکھا لیکن ہربار عدالتی حکم کو روند دیا جاتا ہے، البتہ اسی جج کے اس حکم کو مانا جاتا جس میں درخواست ضمانت خارج کی جاتی ہے یا عمران خان کے خلاف کچھ فیصلہ کیا جاتا ہے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات