نوازشریف رہائی، شاہنوازبھٹوکالونی میں مٹھائی کی تقسیم

حق اور سچ کی فتح پر پوری قوم مبارکبادکی مستحق ہے، ثابت ہوگیامیاں نوازشریف کو بے قصورپابندسلاسل کیاگیاتھا،وقار حسین گورچانی

جمعرات 20 ستمبر 2018 18:47

نوازشریف رہائی، شاہنوازبھٹوکالونی میں مٹھائی کی تقسیم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) باالآخر انصاف کی جیت ہوئی اور عوام کا ہردلعزیز قائد سرخروہوا،حق اور سچ کی اس فتح پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔یہ باتیں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماوقارحسین گورچانی نے میاں نوازشریف ،مریم نوازاور کیپٹن صفدرکی سزامعطلی کے عدالتی فیصلے پرشاہنوازبھٹوکالونی میں خوشی کے اظہاراور عوام میں مٹھائی کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر علاقہ عوام زبردست جوش وخروش کااظہارکرتے ہوئے دیکھودیکھوکون آیا شیرآیاشیرآیاکے نعرے لگاتے رہے۔

(جاری ہے)

وقارحسین گورچانی نے اپنے خطاب میں کہاکہ عدالتی فیصلے سے ثابت ہوگیاکہ سابق وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کو بے قصورپابندسلاسل کیاگیاتھا،آج ہماراقائد سرخروہوکر عوام کے درمیان آیاہے،مقدمے کا واضح مقصد میاں نوازشریف کو انتخابی میدان سے باہرکرنااور الیکشن میں دھاندلی تھا۔انہوں نے کہاکہ مخالفین جعلی کامیابی پر خوش نہ ہوں ،ابھی انصاف زندہ ہے، عدالتی فیصلے پر اللہ تعالیٰ کا شکر اداکرتے ہیں ،انصاف کی فتح اور جھوٹ کوشکست ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام مقدمات میں شریف فیملی سرخروہوگی ، انصاف کا بول بالاہوگااور مخالفین کامنہ کالاہوگا۔