قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، شہریار آفریدی

مدارس ہمارے معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،وزیر مملکت برائے داخلہ کی بات چیت

ہفتہ 22 ستمبر 2018 12:19

قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، شہریار آفریدی
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، مدارس ہمارے معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،علمائے کرام ملکر امن و امان کے لئے موثر کردار ادا کریں۔ان خیالات کااظہار وزیر مملکت نے یوم عاشورہ کے موقع پر راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور بعد ازاں مدرسہ تعلیم القرآن کے مہتمم علامہ مفتی اشرف علی سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔

اے پی پی کو حاصل معلومات کے مطابق وزیر مملکت دس محرم الحرام یوم عاشور کے موقع پر امن و امان کا جائزہ لینے راولپنڈی کے مختلف جلوسوں کے مقامات پر پہنچے ۔وزیر مملکت نے راجہ بازار میں نکلنے والے مرکزی جلوس کی سیکورٹی کا معائنہ کیا اورسیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت شہریار آفریدی کے ہمراہ محرم الحرام کے موقع پر امن عامہ کے انچارج پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر، سی پی او عباس احسن اور دیگر انتظامی افسران موجود تھے ۔

بعدا زاں وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے مدرسہ تعلیم القرآن کے مہتمم علامہ مفتی اشرف علی سے ملاقات کی اور کہا کہ ہمیں سب کو جوڑنا ہے ، تمام مکاتب فکر کے لوگ پاکستانی ہیں ،ہم سب مکاتب فکر کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔