بھارت نے کشمیر کو ایک خوفناک میدان جنگ میں تبدیل کر دیا ہے، سید علی گیلانی

بانڈی پورہ میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو خراج عقیدت

اتوار 23 ستمبر 2018 13:00

سرینگر 23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر کو ایک خوفناک میدان جنگ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں موت و تباہی کا کھیل روز دیکھنے میں آتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں ایک بڑی رکاوٹ ہٹ دھرمی پر مبنی بھارتی رویہ اور اسکا فوجی غرور ہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بانڈی پورہ کے علاقے سملر میں شہید ہونے والے پانچ نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ایک پر امن طریقے سے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں لیکن اسکا جواب انہیں گولیوں ، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولوں کی صورت میں ملتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہ بھارتی قیادت نے خود کشمیریوںکو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ستر برس کا ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اس نے اس وعدے کوپورا نہیں کیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور دیگر جمہوری اور سیاسی طریقوں کے مطابق حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کر رہے ہیںلہذا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ حق خود ارادیت کے مطالبے اور دہشت گردی میں تمیز کرے ۔ انہوںنے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر بھی زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیر کے بارے میں اپنی پاس کر دہ قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے۔