اچھی تعلیم وتربیت بچوں کی کامیاب عملی زندگی کے لئے ضروری ہے‘ ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر

پیر 24 ستمبر 2018 20:12

نواب شاہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد ابرار احمد جعفر نے کہا ہے کہ اچھی تعلیم وتربیت بچوں کی کامیاب عملی زندگی کے لئے ضروری ہے، اس لئے اساتذہ و والدین بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ پیر کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے بینظیرڈسٹرکٹ اسکول ون کے دورے کے موقع پر پرنسپل و اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر ڈسٹرکٹ اسکول نواب شاہ وپسگردائی کے غریب ومسوط طبقے کے بچوں کو مفت بہتر تعلیم وتربیت فراہم کررہا ہے اور ان بچوں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پہنچنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے بچوں کی تعلیم وتربیت کے لئے کی گئی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اسکول میں کلاس رومز، کمپیوٹر لیب، ڈرائنگ ہال کا دورہ کیا اور بچوں سے سوالات کئے۔

اس موقع پر اسکول کی ہیڈمسٹریس نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ اسکول میں 500 سے زائد بچوں کو مفت تعلیم دی جارہی ہے، اسکول میں ٹیچنگ و نان ٹیچنگ عملے کی کمی کے باوجود بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر نے ضلع میں جاری پولیو مہم کے سلسلے میں قائم ٹرانزٹ پوائنٹوں کا معائنہ کیا اور پولیو ٹیموں کے کام کاجائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کو ہدایت دیں کہ پولیو ویکسین کی درجہ حرارت کو قائم رکھنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور گاڑیوں میں سفر کرنے والے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ سے قطرے پلانے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی ویکسین اور ریکارڈ بھی چیک کیا۔