جدہ:سعودی فرمانروا شاہ سلمان جمعرات کے دِن حرمین ٹرین کا افتتاح کریں گے

حرمین پراجیکٹ کی 35 ٹرینوں پر سالانہ چھ کروڑ افراد سفر کریں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 ستمبر 2018 12:41

جدہ:سعودی فرمانروا شاہ سلمان جمعرات کے دِن حرمین ٹرین کا افتتاح کریں ..
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 ستمبر 2018ء) خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز جمعرات کے روز حرمین ایکسپریس ٹرین سروس کا افتتاح کریں گے۔ اس بات کا اظہار وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر نبیل المؤدی نے کیا۔ الأودی نے مزید بتایا کہ حرمین ایکسپریس ٹرین پراجیکٹ وِژن 2030ء کا حصّہ ہے، جس کا مقصد حرمین شریفین میں زائرین اور حاجیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔

یہ الیکٹرک ٹرین مشرق وسطیٰ کی سب سے تیز رفتار ٹرین ہے۔ 300کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ایکسپریس ٹرین کا ٹریک 450 کلومیٹر پر محیط ہے۔ اس ٹرین کے صرف پانچ سٹیشن مکّہ، جدہ، شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ جدہ، شاہ عبداللہ اکنامک سٹی ربیغ اور مدینہ منورہ ہیں۔ یہ پراجیکٹ تین مرحلوں میں تکمیل کو پہنچا جس کے دوران 130 پُل اور 850 آبی گزرگاہیں تعمیر کی گئیں۔

(جاری ہے)

ٹرین کے رُوٹ کی تیاری کے لیے 150ملین کیوبک میٹر ریت اور چٹانیں ہٹائی گئیں۔ پہلے مرحلے کا کام مُلکی اور غیر مُلکی کمپنیوں کی اجتماعی کوشش کا نتیجہ تھا۔ دُوسرے مرحلے میں مکّہ، جدہ، ربیغ اور مدینہ کے چار سٹیشن تعمیر کیے گئے۔ جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں ریلوے لائن بچھائی گئی، سگنلز، کنٹرولز، ٹکٹنگ، ٹیلی کمیونیکشن کی تنصیب کا م کیا گیااور اس کے علاوہ لوکوموٹو تیار کی گئیں۔

اس پراجیکٹ کا آپریشن اور دیکھ بھال کا کام 12سال کے لیے ایک سپینی کمپنی کو دیا گیا ہے۔ اس تیز رفتار الیکٹرک ٹرین کو بجلی کی سپلائی کے لیے مختلف مقامات پر چھ الیکٹریسٹی فیڈر سٹیشنز تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس پراجیکٹ میں مجموعی طور پر 35 ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں جن پر ایک تخمینے کے مطابق سالانہ چھ کروڑ حاجی، معمترین اور دیگر افراد سفر کی سہولت سے لطف اندوز ہوں گے۔

ہر ٹرین پر 417 نشستیں موجود ہیں۔ اس ٹرین کو جدید دور کی سہولیات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے۔ حرمین شریفین کے کرایوں کی گیسٹ کلاس اور بزنس کلاس کی صورت میں درجہ بندی کی گئی ہے۔ مکّہ معظمہ سے مدینہ منورہ کا کرایہ گیسٹ کلاس کے لیے 150 ریال جبکہ بزنس کلاس کے لیے 250 ریال مقرر کیا گیا ہے۔ دو ماہ تک دونوں کرایوں میں پچاس فیصد رعایت دی جائے گی۔