فیس بک پر شہلا رضا کے 9 جعلی اکاونٹس، تحقیقات شروع

اس سلسلے میں خط تحریر کر کے فیس بک انتظامیہ سے ریکارڈ بھی مانگ لیا گیا ہے

منگل 25 ستمبر 2018 17:09

فیس بک پر شہلا رضا کے 9 جعلی اکاونٹس، تحقیقات شروع
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا کے نام سے بنائے گئے 9 جعلی فیس بک اکاونٹس پر تحقیقات شروع کر دی، اس سلسلے میں خط تحریر کر کے فیس بک انتظامیہ سے ریکارڈ بھی مانگ لیا گیا۔ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کی رہنما اور صوبائی وزیر ترقی نسواں شہلا رضا کے پرائیویٹ سیکریٹری کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی، جس میں 9 کے قریب جعلی فیس بک اکاونٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ جعلی فیس بک اکاونٹس سیدہ شہلا رضا، ہم روشنی، شہلا رضا آفیشل، ووٹ فار شہلا رضا، فین پیج سیدہ شہلا رضا اور پیپلزپارٹی این اے 243 شہلا رضا و دیگر نام سے ہیں، جسے شہلا رضا کے سیکریٹری نے جعلی قرار دیا۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں شہلا رضا کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر چلنے والے بیانات کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر تردید چلائی گئی تھی۔ ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ شہلا رضا کے جعلی اکاونٹس کے حوالے سے فیس بک انتظامیہ کو خط لکھ کر ریکارڈ مانگ لیا گیا ہے۔ ریکارڈ ملنے پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔