پاکستان قیمتی ثقافتی ورثے، دلکش مناظر اور دلفریب قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ملک ہے،

موجودہ حکومت سیاحت کو فروغ دینے اور اسے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی صنعت میں تبدیل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

بدھ 26 ستمبر 2018 21:53

پاکستان قیمتی ثقافتی ورثے، دلکش مناظر اور دلفریب قدرتی خوبصورتی سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان قیمتی ثقافتی ورثے، دلکش مناظر اور دلفریب قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ملک ہے، موجودہ حکومت سیاحت کو فروغ دینے اور اسے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی صنعت میں تبدیل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔ بدھ کو سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت نے کہا ہے کہ (آج) 27ستمبر کو دنیا بھر میں سیاحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

ہم ایک خوبصورت سیارے میں زندگی بسر کر رہے ہیں جسے تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے قیمتی ثقافتی ورثے، دلکش مناظر اور دلفریب قدرتی خوبصورتی سے مالا مال کر رکھا ہے تاہم ہم ابھی تک اس شاندار خزانے سے مکمل طور پر استفادہ نہیں کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ موجودہ حکومت سیاحت کو فروغ دینے اور اسے تیزی سے ترقی کرتی ہوئے صنعت میں تبدیل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ’’ٹورازم اینڈ ڈیجٹل ٹرانسفرمیشن‘‘جو موجودہ سال کا عنوان بھی ہے،زیادہ مناسب ہے کیونکہ دنیا اب ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے جہاں زیادہ تر لوگ سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کے زریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ سیاحتی صنعت میں سٹریٹجی کی اہمیت سائنٹفک شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیشہ ور افرادی قوت کی تعیناتی سیکٹر کیلئے چیلنج ہے۔

سیاحتی سیکٹر میں پائیدار ترقی کی غرض سے سٹریٹجی پر کامیاب عملدرآمد کیلئے ٹیلنٹ کا حصول بنیادی ضرورت ہے، ٹورازم صنعت کی ترقی کو تیز کرنے کیلئے شیئرنگ اکانومی ایک دوسرا رجحان ہے جسے ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کی حمایت حاصل ہے۔ڈیجیٹل ٹڑانسفرمیشن اپنے ساتھ چیلنجوں اور مواقع دونوں کو لے آیا۔صدر مملکت نے توقع ظاہر کی ہے کہ آنے والے سالوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے ہم اپنے ملک کو دنیا کی بہترین سیاحتی منزل بنائیں گے۔