یکم سے 06اکتوبر تک غذائیت سے آگاہی کا ہفتہ منانے کا فیصلہ

ایک کروڑ 3لاکھ بچوں، ایک کروڑ 25لاکھ نوعمر لڑکیوں، 10لاکھ حاملہ خواتین کی غذائی قلت کی جانچ کی جائے گی لاکھ بچوں کو غذائی کمی سے بچانے کیلئے وٹامن اور منرلز کے ساشے دیے جائیں گے‘پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مختارحسین شاہ

جمعہ 28 ستمبر 2018 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2018ء) محکمہ صحت پنجاب نے یکم سے 06اکتوبر تک ماں کے دودھ کی افادیت اور غذائیت سے متعلق ہفتہ آگاہی منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا مقصد بچوں میں غذائیت کی کمی کے مسئلے کا تدارک کرکے بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنا ہے۔ ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت سے متعلق پروگرام (آئی آر ایم این سی ایچ) کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سید مختارحسین شاہ نے بتایا کہ پنجاب بھر کے ضلعی ، تحصیل ہسپتالوں اور دیہی مراکز صحت میں 1260سنٹر قائم کئے گئے ہیںجہاں غذائی کمی کا شکار بچوں اور مائوں کو طبی امداد فراہم کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہفتہ آگاہی کے دوران ماں کے دودھ کی افادیت، حاملہ خواتین ، زچہ بچہ کے طبی معائنے اور بچوں میں غذائی قلت کی جانچ کیلئے ٹیمیں گھر گھر جاکر معلومات اور مشاورت فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ادویات اور علاج کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ ڈاکٹر سید مختارحسین شاہ نے بتایا کہ تقریباً ایک کروڑ 3لاکھ بچوں، ایک کروڑ 25لاکھ نوعمر لڑکیوں، 10لاکھ حاملہ خواتین اور 28لاکھ دودھ پلانے والی مائوں کی غذائی قلت کی جانچ کی جائے گی۔

حاملہ خواتین کا معائنہ کرکے ان کو فولاد اور فولک ایسڈ کی گولیاں مفت فراہم کی جائیں گی۔ مہم کے دوران 2سال سے چھوٹے 28لاکھ بچوں کو غذائی کمی سے بچانے کے لئے وٹامن اور منرلز کے ساشے دیے جائیں گے۔ بچوں میں کیڑے مار گولیاں بھی مفت تقسیم کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :