ترکی: منی لانڈرنگ کرنے والوں کیخلاف ملک گیر کریک ڈائون 2سو سے زائد افراد گرفتار

استنبول کی عدالت نے 417 مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، 40 شہروں میں کیے گئے ملک گیر آپریشن میں216 افراد گرفتار کیا جاچکا ہے

منگل 2 اکتوبر 2018 22:05

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2018ء) ترک پولیس نے منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈائون کے دوران 2 سو سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔، استنبول کی عدالت نے 4 سو 17 مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جبکہ 40 شہروں میں کیے گئے ملک گیر آپریشن میں 2 سو 16 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ترک پولیس نے ان تمام افراد کو امریکا میں مقیم ایرانی نڑاد افراد کو غیرقانونی طریقوں سے رقم منتقل کیے جانے کے جرم میں گرفتار کیا۔

مشتبہ افراد کو دہشت گردوں کی مالی امداد اور مجرمانہ سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ان افراد نے 2017 سے اب تک 2 ارب 40 کروڑ لیرا ( 40 کروڑ ڈالر) 28 ہزار 88 غیر ملکی اکاؤنٹس میں منتقل کیے تھے۔

(جاری ہے)

تحقیقات کے مطابق جن افراد کو یہ فنڈز بھیجے گئے تھے ان میں سے اکثر کا تعلق بنیادی طور پر ایران سے ہے اور وہ امریکا میں مقیم تھے۔

تاہم جن افراد کو یہ اتنی بڑی تعداد میں رقم بھیجی گئیں ان سے متعلق مزید کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں اور نہ ہی یہ واضح کیا گیا کہ اس ٹرانسفر کے پیچھے کوئی مجموعی مقصد تھا یا نہیں۔ترکی کی جانب سے یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں عمل میں آئی ہیں جب امریکا 2015 کا جوہری معاہدہ منسوخ کرنے کے بعد ایران پر معاشی پابندیوں کے دوسرے مرحلے کی تیاری میں ہے جس میں ایران کا مالیاتی نظام اور تیل کی برآمدات متاثر ہوسکتی ہیں۔واضح رہے کہ ترکی کا یہ اقدام دہشت گردی کے الزام میں گرفتار پادری سے متعلق تلخی کے بعد سامنے آیا، اس واقعے کے بعد امریکا نے ترکی پر معاشی پابندیاں عائد کردی تھی۔۔