عجمان: مساجد کے چندہ بکسوں سے رقوم چوری ہونے لگیں

پولیس کے مطابق یہ مذموم حرکات نمازِ فجر سے قبل انجام دی جاتی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 6 اکتوبر 2018 14:28

عجمان: مساجد کے چندہ بکسوں سے رقوم چوری ہونے لگیں
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 اکتوبر2018ء) عجمان پولیس نے مطلع کیا ہے کہ چند افراد مساجد کے چندہ بکسوں میں سے رقمیں چوری کرنے کے گھناؤنے کام میں ملوث ہیں۔ یہ افراد رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھا کر مساجد میں موجود چندوں کے بکسے کے تالے توڑ کر اُس میں موجود رقم نکال لے جاتے ہیں۔ زیادہ تر وارداتیں نماز فجر سے پہلے انجام دی گئی ہیں۔ پولیس نے اس مذموم حرکت کا ارتکاب کرنے والے چوروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی منصوبہ تشکیل دے دیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ عنقریب یہ لوگ قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

’عجمان اے سیف ہوم‘ پروگرام کے تحت مختلف علاقوں میں کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔ جس کی مدد سے ان کاررائیوں میں ملوث افراد کی گرفتاری میں آسانی پیدا ہو گی۔

(جاری ہے)

اور مستقبل میں چندہ بکسوں کی چوری کا ارادہ رکھنے والے افراد کا حوصلہ شکنی بھی ہو گی۔ پولیس ترجمان کے مطابق مساجدکے چندہ بکسوں سے رقوم کا چوری ہونا خُدا کے گھر کی بے حُرمتی کے مترادف ہے۔

عوام میں بھی اس حوالے سے شدید غم و اشتعال پایا جاتا ہے۔ کیونکہ یہ رقم لوگ جذبۂ ایمانی کے تحت مساجد کو عطیہ کرتے ہیں تاکہ راہِ خُدا میں خرچ ہونے کے باعث اُن کی عاقبت سنور جائے اور مسجد میں نماز پڑھنے کے لیے آنے والوں کے لیے سہولیات میں ڈھیر اضافہ ہو سکے۔ اُمید ہے کہ ہم عوام کے تعاون سے ایسے افراد کو جلد گرفتار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اگر عوام کو کسی فرد پر ایسی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا شُبہ ہو تو پولیس کو اطلاع کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کریں۔ ایسے افراد کو گرفتار کر کے جُرم ثابت ہونے کی صورت میں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی پولیس نے ایک عرب باشندے کو گرفتار کیا تھا جو مختلف علاقوں کی مساجد سے چندہ بکسوں میں سے رقم لُوٹ کر فرار ہو جاتا تھا۔

متعلقہ عنوان :