فیلڈ میں حادثات کی شرح صفر پر لانے کے لئے حفاظتی آلات کا استعمال ناگزیر ہے،چیف ایگزیکٹو میپکو

بدھ 10 اکتوبر 2018 22:43

ملتان۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ فیلڈ میں حادثات کی شرح صفر پر لانے کے لئے حفاظتی آلات کا استعمال ناگزیر ہے، لائن سٹاف کی جان ہمارے لئے انتہائی قیمتی ہے اس کی جانوں کی حفاظت کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کے مابین ورکس کونسل کے اجلا س اور ملازمین کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ حادثات سے بچائو کے لئے سب ڈویژن کی سطح پر سیفٹی سیمینارز، سیفٹی پریڈز کے انعقاد پر زور دیاہے اور لائن سٹاف کو پابند کیاہے کہ وہ ٹی اینڈ پی اور ورک پرمٹ کے بغیر ہرگز کام نہ کریں اور مجبورکرنے والے افسران اور سٹا ف کی نشاندہی کریں ہم ان کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن ہماری بنیادی یونٹ ہے اور ہماری کوشش ہے کہ تمام صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آئیں ۔

سب ڈویژنوں میں تعینات سٹاف صارفین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں تاکہ کمپنی کا تاثر عام لوگوں سے بہترسے بہترہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ دفتری اوقات کار کے بعد ڈیوٹیاں دینے والے سٹاف کو ہر صورت آف ڈے ویجزاور اوورٹائم دیں گے ۔ ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لئے تقاریب کا اہتمام شروع کردیاگیاہے جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹس دئیے جارہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :