نیب نے سلمان شہباز سے اثاثوں، بینک اکاﺅنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تمام تفصیلات مانگ لیں

مختلف کلبوں کی رکنیت ،مختلف کمپنیوں اور زرعی زمین کی آمدن کی تفصیلات بھی جمع کرائیں. نیب کا سول نامہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 11 اکتوبر 2018 15:03

نیب نے سلمان شہباز سے اثاثوں، بینک اکاﺅنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اکتوبر۔2018ء) نیب نے شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز سے اثاثوں، بینک اکاﺅنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تمام تفصیلات مانگ لیں جبکہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں ہیں. تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہبازسے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور تمام اثاثوں،بینک اکاﺅنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں جبکہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں ہیں.

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلی کے بیٹے کو پروفارما دیتے ہوئے کہا گیا ہے وہ مختلف کلبوں کی رکنیت ،مختلف کمپنیوں اور زرعی زمین کی آمدن کی تفصیلات جمع کرائیں.

(جاری ہے)

نیب نے میڈیکل سمیت تمام اخراجات اور گھریلو ملازمین کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیںوسلمان شہباز کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک اثاثوں اور دوروں سمیت اپنے اور اہل خانہ کے نام پر لئے گئے قرضوں کی تفصیلات بھی فراہم کریں.

نیب کی جانب سے کہا گیا کہ سلمان شہباز نیب آرڈیننس کے تحت جواب جلد از جلد جمع کرانے کے پابند ہیں. گذشتہ روز سابق وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نیب میں پیش ہوئے تھے ، نیب کی تحیقاتی ٹیم نے ان سے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد عرصہ تک پوچھ گچھ کی. سلمان شہباز کا نیب کے سامنے موقف تھا کہ وہ اپنے وکیل کے ساتھ مشورہ کرکے ان سوالوں کے جوابات جمع کروا دیں گے.

یاد رہے نیب نے سلمان شہباز کو ناجائز اثاثہ جات کیس کے الزام میں طلب کیا تھا، نیب کو کچھ بینکوں میں سلمان شہباز کے اکاﺅنٹس کی معلومات ملی تھیں، اکاﺅنٹس میں ضرورت سے زائد رقم کا لین دین ہوا. ذرائع کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش شہبازشریف کے بیان پر سلمان شہباز کو طلب کیا گیا، شہباز شریف نے کہا مالی معاملات کی دیکھ بھال سلمان شہباز کرتا ہے جبکہ شیئرز،جائیداد کے معاملات بھی وہی دیکھتے ہیں.

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر کو نیب نے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا، وہ صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہوئے تھے اور نیب لاہورنے آشیانہ ہاﺅسنگ کیس میں گرفتار کیا، آشیانہ ہاﺅسنگ کیس میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے. قومی احتساب بیورو کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی بنیادی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کیا. جس کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے دلائل کے بعد شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا.