کرکٹ سائوتھ افریقہ کا نئے ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کیلئے ٹیموں اور مارکیو کھلاڑیوں کا اعلان، ڈی ویلیئرز، آملہ، کرس گیل، جیسن روئے اور مورگن بھی شامل

پیر 15 اکتوبر 2018 23:40

کرکٹ سائوتھ افریقہ کا نئے ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کیلئے ٹیموں اور مارکیو ..
کیپ ٹائون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) کرکٹ سائوتھ افریقہ نے نئے ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ مزانسی سپر لیگ (ایم ایس ایل) کیلئے ٹیموں اور مارکیو کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا، اے بی ڈی ویلیئرز، ہاشم آملہ، فاف ڈوپلیسی، کرس گیل، جیسن روئے اور ایوان مورگن بھی مارکیو کھلاڑی کے طور پر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ امریکن سپورٹس اسٹائلڈ پلیئرز ڈرافٹنگ کی تقریب (کل) بدھ کو منعقد ہو گی۔

(جاری ہے)

کرکٹ سائوتھ افریقہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پہلی مزانسی سپر لیگ رواں سال 16 نومبر سے 16 دسمبر تک کھیلی جائے گی، ایونٹ کی چھ فرنچائزز کا اعلان کر دیا گیا ہے جن میں کیپ ٹائون بلٹز، ڈربن ہیٹ، جوزی سٹارز، نیلسن منڈیلا بیجائنٹس، پارل راکس اور ٹیشوان سپارٹنز شامل ہیں، اس کے علاوہ مارکیو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں ڈی ویلیئرز، ہاشم آملہ، ڈوپلیسی، ڈومینی، کگیسوربادا، عمران طاہر، ایوان مورگن، جیسن روئے، ڈیوڈ میلان، کرس گیل، ڈیوائن براوو اور راشد خان شامل ہیں، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کل بدھ کو ہو گی جس میں ہر فرنچائز چھ جنوبی افریقن اور چھ مارکیو کھلاڑیوں کے گروپ میں سے ایک، ایک کھلاڑی کا انتخاب کرے گی، جنوبی افریقہ کا ہر مارکیو کھلاڑی چھ مختلف شہروں کی نمائندگی کرے گا، ڈی ویلیئرز سپارٹنز، آملہ ڈربن ہیٹ، ربادا جوزی سٹارز، عمران طاہر نیلسن منڈیلا، ڈومینی کیپ ٹائون بلٹز اور ڈوپلیسی پارل راکس کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔