جعلی اکاونٹس میں ملوث مرکزی ملزم پاکستان سے فرار

جعلی اکاونٹس پر بننے والی جوائنٹ انویسٹیگیش ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ جعلی اکاونٹس کے مرکزی کردار ملک سے فرار ہو چکے ہیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 15 اکتوبر 2018 23:23

جعلی اکاونٹس میں ملوث مرکزی ملزم پاکستان سے فرار
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-15 اکتوبر 2018ء) :جعلی اکاونٹس پر بننے والی جوائنٹ انویسٹیگیش ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ جعلی اکاونٹس کے مرکزی کردار ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق آجکل پاکستان میں جعلی اکاونٹس کی خبریں زینت بن رہی ہیں۔اس سلسلے میں ایف آئی اے نے کافی عرصے سے تحقیقات کرنا شروع کردی تھی تاہم اس حوالے سے اہم موڑ تب آیا جب سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا اور اس کے ساتھ ہی متعدد بے نامی اکاونٹس کی چھان بین شروع کر دی گئی۔

اس کیس میں اہم موڑ تب آیا جب کراچی کا فالودہ فروش اچانک ارب پتی نکل آیا تاہم اس حوالے سے بات کرتے ہوئے فالودہ فروش نے لاعلمی کا اظہار کیا۔اس کے بعد لاڑکانہ اور جھنگ کے غریب طلبا کے اکاونٹس میں بھی کروڑوں روپے کا انکشاف ہوا۔

(جاری ہے)

کچھ روز قبل محکمہ صحت کی ایک ملازمہ ثروت زہرہ کا بھی اکاونٹ منظر عام پر آیا ہے جبکہ آج ایک مردہ شخص کے نام بھی جعلی اکاونٹ کا انکشاف ہوا ہے جس کے اکاونٹ سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی تھی۔

تاہم جعلی اکاونٹس پر بننے والی جے آئی ٹی نے اس دھندے میں ملوث اہم ترین کرداروں کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ وہ ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق ملزمان ناصر عبداللہ لوتھا، اسلم مسعود، محمد عارف خان، محمد عمیر اور اعظم وزیر خان بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔جے آئی ٹی کے مطابق پانچوں ملزمان جعلی اکانٹس کھولنے اور کھلوانے میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

میڈیا رپور ٹ کے مطابق ایف آئی اے کی طرف سے مقدمہ درج ہوتے ہی ملزمان بیرون ملک فرار ہو گئے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزمان کو وطن واپس لانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں اور اگر یہ لوگ واپس نہیں آئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ ایف آئی اے نے سینیٹ کمیٹی کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ جعلی اکاونٹس بنانے کے لیے اوپر سے احکامات آتے ہیں۔