فخرزمان پاکستان کے بدقسمت کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل،اپنی ڈیبیو سنچری مکمل نہ کرسکے

جب بیٹنگ لائن لڑکھڑائی تو فخر نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر 147 رنز جوڑے

منگل 16 اکتوبر 2018 20:36

فخرزمان پاکستان کے بدقسمت کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل،اپنی ڈیبیو سنچری ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران جب بیٹنگ لائن لڑکھڑائی تو فخر زمان مردِ بحران ثابت ہوئے اور ٹیم کو مشکل حالات سے نکالا، لیکن اپنی سنچری بنانے سے قبل خود ہی لڑکھڑا گئے۔آسٹریلین بالر نیتھن لیون نے پاکستانی بلے بازوں کے اوسان خطا کرتے ہوئے 57 رنز کے ہندسے پر صرف 6 گیندوں میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلین کپتان ٹم پین کی خوشی بتارہی تھی کہ ڈیبیو کرنے والے فخر زمان بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہیں رک پائیں گے لیکن انہوں نے حریف ٹیم کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔نسبتا بہتر وکٹ پر جب بیٹنگ لائن لڑکھڑائی تو فخر زمان نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر 147 رنز جوڑے۔ٹیم کو سنبھالنے کے بعد فخر زمان اپنے آپ کو نہیں سنبھال پائے اور نروس نائنٹیز کا شکار ہر کر مارنس لبوشین کی گیند پر 94 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

آئوٹ ہونے کے ساتھ ہی فخر زمان اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری سے چند رن قبل آٹ ہونے پاکستان کے چوتھے بدقسمت بلے باز بن گئے۔ان سے قبل عاصم کمال 2003 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ڈیبیو میں 99 رنز بنانے کے بعد آٹ ہوگئے تھے۔پاکستان کے 90 اور 100 رنز کے درمیان آٹ ہونے والے پہلے بدقسمت کھلاڑی عبدالقادر تھے جو اکتوبر 1964 میں آسٹریلیا کے ہی خلاف اپنے ڈیبیو میں 95 رنز بنانے کے بعد آٹ ہوئے تھے۔

ان کے علاوہ چوتھے بلے باز تسلیم عارف تھے جو جنوری 1980 میں روایتی حریف بھارت کے خلاف 90 رنز بنانے کے بعد آٹ ہوگئے تھے۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے پہلے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر آٹ ہونے والے کھلاڑی ایف ایس جیکسن تھے جو جولائی 1893 میں آسٹریلیا کے خلاف 91 رنز بنا کر آٹ ہوگئے تھے۔