لاہور چیمبر آف کامرس اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ مینجمنٹ یو ای ٹی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

منگل 16 اکتوبر 2018 21:05

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ مینجمنٹ، یو ای ٹی کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے، جس کا مقصد ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہے،تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ مینیجمنٹ یو ای ٹی کے ڈین/ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام عباس انجم نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے، لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے، خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ لاہور چیمبر اس سے قبل بھی تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرچکا ہے، جس کا مقصد صنعتی شعبے اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط بڑھانا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کی ضروریات سے آگاہ ہوسکیں، اس سے صنعتوں کی ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت پیدا کرنے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور تعلیمی شعبے کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے ورکشاپس، کانفرنس اور سیمینار منعقد کرائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے ،ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ آنے کیلئے بہت سے غیرمعمولی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر غلام عباس انجم نے لاہور چیمبر کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس مفاہمتی یادداشت کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔