پی ٹی آئی کی حکومت کارکردگی پر یقین رکھتی ہے، کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، ہر ایک کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور افتخار درانی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 17 اکتوبر 2018 01:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ قومی اداروں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے ایئر پورٹ کے منصوبے میں بدانتظامی کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے 100 دنوں کا پلان تیار کر لیا ہے جسے ویب سائٹ پر رکھ دیا گیا ہے۔ معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کارکردگی پر یقین رکھتی ہے۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے، ہر ایک کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ انتخابی نتائج کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں واحد اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اہداف کے حصول کے لئے تمام اداروں میں پروفیشنل اور اہل افراد کو تعینات کیا جائے گا،تمام ادارے کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت کے بغیر کام کریں گے۔