رحیم یار خان،ڈرائیورز ہرقسم کے نشہ سے گریز کریں ،انچاج ٹریفک ایجوکیشن یونٹ

بدھ 17 اکتوبر 2018 23:18

رحیم یار خان۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) صحت مند ڈرائیور ہی حادثات کی روک تھام میں معاون ثابت ہوسکتا ہے، اس لئے ڈرائیورز کو چاہیے کہ ہرقسم کے نشہ سے گریز کریں نشہ جہاں آپکی زندگی کے لیے خطرناک ہے وہاں حادثات کاسبب بھی بنتا ہے جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔قیمتی انسانی جانوں کی زندگیوں کا تحفظ ایک اچھے ڈرائیور کی نشانی ہے کہ وہ اپنے آپ کو خود بھی محفوظ رکھتا ہے اوردوسروں کوبھی محفوظ رکھتا ہے۔

ان خیالات کااظہار ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے انچارج سارجنٹ شکیل احمد نے حادثات کی روک تھام کے سلسلہ میں شروع کی گئی مہم کے سلسلہ میں مختلف ٹرک اڈوں پر ڈرائیورز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورز سے خطاب کے دوران کہاکہ ہمیں اپنی جانوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ماحول کو آلودگی سے بھی بچانا ہے لہذا گاڑیوں کے دھواں اس سلسلہ میں خطرناک ہے جس کے مضراثرات انسانی جانوں پر پڑنے کے ساتھ ماحول کو بھی آلودہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس سے سانس، دمہ ، دل اور دیگر بیماریاں جنم لیتی ہیںِ۔ انہوں نے تمام ڈرائیورز پر یہ بات زود دیکر کہی کہ وہ ممکنہ سموگ کے خطرات کے پیش نظر اپنی گاڑیوں کو تجربہ کار مکینک سے چیک کروائیں گاڑیوں میں ڈیزل ملاوٹ سے پاک ڈلوائیں۔ انہوںنے کہاکہ دوران ڈرائیونگ اوور لوڈنگ ، تیزرفتاری سے اجتناب کریں اور اپنے آرام کا بھی پورا خیال رکھیں خاص کر اپنی نیند ضرور پوری کریں۔ اس موقع پر ڈرائیورزمیںحفاظتی تدابیر پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :