فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھرکے تمام آبپاش علاقوں میں گندم کی کاشت یکم نومبرسے شروع ہو گی،محکمہ زراعت

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:34

فیصل آباد۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام آبپاش علاقوں میں گندم کی کاشت یکم نومبر کے پہلے ہفتے سے شروع ہو گی ۔محکمہ زراعت کے ذرائع کے مطابق تمام آبپاش علاقوں کیلئے این اے آر سی 2011، آس 2011، ملت 2011، پنجاب 2011، آری2011، فیصل آباد 2008، لاثانی 2008، معراج 2008، فرید 2006، شفق 2006 کی منظورشدہ اقسام کی منظوری دی گئی ہے لہٰذا کاشتکار مذکورہ اقسا م کی کاشت کو ترجیح دیں۔

انہوںنے کہاکہ اگرچہ پنجاب کے آبپاش علاقوں میںسحر 2006 بھی کاشت کی جاسکتی ہے تاہم چونکہ یہ فصل بیماری سے متاثر ہوتی ہے اس لئے اسے کم سے کم رقبہ پر کاشت کرناچاہیے۔ انہوںنے بتایاکہ یکم نومبر سے لے کر15 نومبر تک کے ایام گندم کی کاشت کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اس لئے ان ایام میں کسی غفلت ، کوتاہی ، سستی ، لاپرواہی کامظاہرہ نہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بیماری سے پاک تصدیق شدہ ، صحت مند بیج زہر لگاکر بذریعہ ڈرل کاشت کریں تاکہ بہترپیداوار اور بمپر کراپ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ تمام زراعت افسران سمیت فیلڈسٹاف سے کہاگیاہے کہ وہ ہمہ وقت کاشتکاروں ، کسانوں ، زمینداروں کی رہنمائی یقینی بنائیں تاکہ وہ بروقت اور مناسب طریقے سے 15 نومبر تک گندم کی کاشت کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔ انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور وسیع پیمانے پر تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :