ْماحول کو محفوظ بنانا صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہم سب اجتماعی ذمہ داری ہے :ملک امین اسلم خان

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر و مشیر وزیراعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ ماحول کو محفوظ بنانا محض حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے جسے ہم نے نبھانا ہے انہوں نے یہ بات آئی یو سی این(انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر) پاکستان کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی - وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی شاہ رٴْخ نصرت بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

مشیر وزیراعظم برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے وسائل سے مالا مال کیا ہے ہمارے پاس جہاں ہمالیہ کے گلیشیرز ہیں وہاں سرسبزوشاداب میدان بھی ہیں سنہرے ساحل بھی ہیں۔پاکستان میں آئی یو سی این کے سربراہ محمود اختر چیمہ نے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی یو سی این نے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے بلوچستان حکومت، پاکستان نیوی، قومی ادارہ برائے سمندری حیات اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ مل کر بہت سے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک امین اسلم خان نے کہا کہ پاکستان کے پاس جنگلی حیات، نباتات اور آبی حیات کے بہترین وسائل موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے ہماری عدم توجہ کے باعث بہت سی انواع ناپید ہوتی جارہی ہیں لیکن ہم ماحولیات کے تحفظ کے ذمہ دار ہونے کے ناطے اپنے ماحول کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔انہوں نے شرکائ وفد سے کہا کہ ہم سیلابی پانی کو زخیرہ کرنے کے لیے جلد "ری چارج پاکستان" پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں آئی یو سی این اس کار _خیر میں ہمارے ساتھ شامل ہو سکتی ہے۔مشیر وزیراعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان کہا کہ ماحول کا تحفظ ہمارا مشترکہ مقصد ہے جس کے لیئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ ہم جلد اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو سکیں۔شیرازراٹھور