بھارت کے سینئر سیاستدان اور اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ نارائن دت تیواڑی انتقال کر گئے

جمعہ 19 اکتوبر 2018 12:59

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) بھارت کے سینئر سیاستدان اور ریاست اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نارائن دت تیواڑی انتقال کرگئے، ان کی عمر 93 برس تھی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نارائن دت تیواڑی 1970ء اور 1980ء کی دہائی میں تین مرتبہ بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے وزیراعلیٰ رہے۔ ریاست اترپردیش کی تقسیم کے بعد وہ 2002ء میں نئی بننے والی ریاست اتراکھنڈ کے وزیراعلی بن گئے۔

(جاری ہے)

تیواڑی کا انتقال ان کے پیدائش کے دن ہوا، ان کا شمار ان لوگوں میں کیا جاتا تھا جو گاندھی خاندان کے انتہائی قریب رہے ہیں۔ نارائن دت تیواڑی نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز 1952ء میں کیا اور وہ پہلی بار 1965ء میں کانگریس کے ٹکٹ پر رکن اسبملی بن گئے جس کے بعد وہ 1976ء میں اترپردیش کے وزیراعلی منتخب ہوئے۔ 1980ء میں پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے بعد انہیں اس وقت کی بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی نے اپنی کابینہ میں شامل کیا۔ بعدازاں راجیوگاندھی نے انہیں اپنی کابینہ میں وزارت خزانہ کا قلمدان سونپ دیا۔