نئی ٹیسٹ رینکنگ ،سرفراز الیون کے لیے خوشی کی خبر آگئی

آسٹریلیا رینکنگ میں تیسرے سے5ویں نمبر پر چلا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:11

نئی ٹیسٹ رینکنگ ،سرفراز الیون کے لیے خوشی کی خبر آگئی
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر2018ء) ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف شرمناک شکست کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کی تنزلی ہوگئی ہے ۔ پاکستان کے ہاتھوں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0سے شکست کے بعد آسٹریلیا ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن سے تنزلی کے بعد اب پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے ،آسٹریلیا نے اس سیریز کا آغاز 106پوائنٹس کے ساتھ کیا تا اور وہ دوسری پوزیشن پر فائز جنوبی افریقہ سے صرف چند ڈیسیمل پوائنٹس پیچھے تھا تاہم اس سیریز میں شکست کے بعد اب کینگروز کے پوائنٹس 102ہوگئے ہیں اور وہ چوتھی پوزیشن پر موجود نیوزی لینڈ سے بھی صرف چند ڈیسیمل پوائنٹس پیچھے ہے ۔

دوسری جانب نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے لیے خوشی کی خبر ہے جہاں بھارت 116پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

سرفراز الیون نے ٹیسٹ سیریز میں1-0سے کامیابی حاصل کرکے اپنے پوائنٹس کی تعداد81سے88کرلی ہے تاہم اس کی ساتویں پوزیشن اب بھی برقرار ہے اور وہ چھٹی پوزیشن پر موجود سری لنکا سے7پوائنٹس پیچھے ہے ۔پاکستان اگر یہ سیریز2-0سے جیتتا تو سری لنکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹی پوزیشن اپنے نام کرسکتا تھا ۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی تھی۔ ابوظہبی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے بابراعظم 99 اور سرفراز احمد کے 81 رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی تھی جس کے باعث آسٹریلیا کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 538 رنز کا ہدف ملا تاہم آسٹریلوی ٹیم صرف 164 رنز ہی بناسکی۔

چوتھے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عباس نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلن بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور آدھی ٹیم کو صرف 78 رنز پر ہی پویلین بھیج دیا۔قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 3 وکٹیں یاسر شاہ کے حصے میں آئیں اور ایک وکٹ میر حمزہ نے حاصل کی۔

آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہ آسکے جب کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی انجری کے باعث گراﺅنڈ میں نہیں اترے اور ان کی جگہ محمد رضوان نے وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیے۔اس سے قبل قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 145 رنز ہی بناسکی اور آﺅٹ ہوگئی۔واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔