فیصل آباد،تین روزہ پہلی انٹرڈویژنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا

جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:20

فیصل آباد۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) پنجاب سپورٹس بورڈ اور سرینا ہوٹل کے اشتراک سے تین روزہ پہلی انٹرڈویژنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئی ہے جس کا باقاعدہ افتتاح ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کیا۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،ایڈیشنل کمشنر(ریونیو)ملک خادم حسین جیلانی،جنرل مینجر سرینا ہوٹل ثاقب احمد،ڈپٹی جنرل مینجر عرفان مجید اور دیگرافسران اس موقع پر موجود تھے۔

اس چیمپئن شپ میں بوائز انڈر 16،انڈر19،وومن ڈبل،وومن سنگل اور مینز اوپن سنگل کے مابین میچز کھیلے جائیں گے جس میں پنجاب کے 9ڈویژنز سے 135کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ڈویژنل کمشنر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی معاشرے میں یکتا حیثیت رکھتے ہیں جو بے حد حوصلہ افزائی اور عزت و احترام کے حق دار ہیں تاکہ وہ کھیلوں میں ترقی کا اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی جستجو برقرار رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کواپنی سوچ اور مقاصد کو بلند رکھنا چاہیے تاکہ ان میں عزم وہمت کے جذبے قائم رہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں کھیلوں کی ترویج وترقی اورکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے وسیع اقدامات جاری ہیں کیونکہ اس خطہ کے غیرمعمولی ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کے بہتر مواقع ملنے چاہیں۔

انہوں نے چیمپئن شپ کے انعقاد کے انتظامات میں بھرپور معاونت کرنے پر سرینا ہوٹل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر کو کھیلوں کے گرائونڈ،جمنیزیم اور سپورٹس کمپلیکسز کو مزید منظم بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف کھیلوں کے قومی ومقامی مقابلے منعقد کرانے کے لئے کمیونٹی کوشامل کریں۔بعدازان ڈویژنل کمشنر نے فیتہ کاٹ کر اور جنرل مینجر سرینا کے ساتھ نمائشی شارٹس لگا کر چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔

ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیرنے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن اس چیمپئن شپ کی میزبانی کررہا ہے جس کے لئے سرینا ہوٹل کی انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔انہوں نے بتایا کہ مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں جیتنے والے کھلاڑیوں میں ایک لاکھ روپے کے نقدانعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :