کیا چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے پاکستان چھوڑ دیا ؟

سوشل میڈیا پر ملک ریاض کے ملک چھوڑنے سے متعلق چہ مگوئیاں، چئیرمین بحریہ ٹاؤن نے تردید کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اکتوبر 2018 13:05

کیا چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے پاکستان چھوڑ دیا ؟
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2018ء) : چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کے ملک چھوڑنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گذشتہ کئی روز سے افواہیں گردش کر رہی ہیں، لیکن چئیرمین بحریہ ٹاؤن نے ان تمام افواہوں کی تردید کر کے انہیں جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ چئیرمین بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض پاکستان کو خیر باد کہہ دیں گے اور بیرون ملک شفٹ ہو جائیں گے۔

اس خبر پر سوشل میڈیا پر کئی چہ مگوئیاں شروع ہوئیں جن کو ختم کرنے کے لیے چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض خود ہی میدان میں آگئے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر وضاحتی بیان دیتے ہوئے بحریہ ٹاؤن اسلام آباد میں ڈائلسز سینٹر کے افتتاح کے موقع پر چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی غریبوں کی مدد کرتا آیا ہوں، اور آگے بھی غریبوں کی مدد جاری رکھوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے تمام منصوبے غریبوں کے لیے ہی ہوتے ہیں۔ بیرون ملک منتقلی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے کہا کہ میں پاکستان کو خیرباد نہیں کہہ رہا ۔ میں پاکستان میں ہی مقیم ہوں، اور میرے بیرون ملک منتقل ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سوشل میڈیا پر بہت کچھ چلتا رہتا ہے لیکن وہ سچ نہیں ہوتا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض ان دنوں زمینوں پر غیر قانونی قبضے کے کیس میں بُری طرح پھنسے ہوئے ہیں، سپریم کورٹ میں جاری زمینوں پر قبضے سے متعلق کیس میں چیف جسٹس کے ملک ریاض سے متعلق کئی ریمارکس بھی سامنے آئے ہیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دن ملک ریاض کے لیے مشکل ثابت ہو سکتے ہیں، ان تمام حالات کی وجہ سے ہی ان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کرنے لگیں کہ ملک ریاض نے مستقبل میں قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے پاکستان کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم ملک ریاض نے خود ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔