وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا پولیو کے مرض سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پرپیغام

منگل 23 اکتوبر 2018 17:34

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا پولیو کے مرض سے بچائو کے عالمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیو کے مرض سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بر وقت ویکسی نیشن کے ذریعے بچوں کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکتا ہے۔ پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کا تسلسل حکومت کے ساتھ معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے لہذاوالدین کو اپنے بچوں کو اس مرض سے بچانے کے لئے پولیو کے قطرے لازمی پلانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وطن عزیز سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، اسی لئے پولیو کے تدارک کیلئے پنجاب حکومت مکمل سنجیدگی کے ساتھ موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیوکے خاتمے کیلئے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد پولیو کے مرض سے بچائوکیلئے عوام میں شعور اجاگر کرنے اور پولیو کے خاتمے کیلئے زیادہ لگن کے ساتھ کام کرنے کیلئے عہد کی تجدید کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کوپولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔