صوابی ‘ ناکہ بندی کے دوران پولیس کی فائرنگ سے دو افراد جاںبحق

منگل 23 اکتوبر 2018 18:36

صوابی۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) صوابی جہانگیرہ روڈ پر پولیس چوکی شیر آباد کے مقام پر ناکہ بندی کے دورران پولیس کی فائرنگ سے دو شہری جاں بحق ہو گئے‘ بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف علاقہ کے عوام نے بیکا شاخ کے مقام پر مقتول کی لاش روڈ پر رکھ کر شدید احتجاجی مظاہرہ کر کے صوابی جہانگیرہ روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔

مظاہرین اس واقعہ کی مذمت‘ ملوث اہلکاروں کو گرفتار کرنے اوران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے‘ ڈی پی او صوابی نے فوری کارروائی کر تے ہوئے ایک سب انسپکٹر سمیت چار اہلکاروں کو معطل کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ پولیس تھانہ چھوٹا لاہور کی رپورٹ کے مطابق اسیم خان سکنہ میاں عیسیٰ نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ انہیں پولیس نے اطلاع دی کہ ان کا داماد جنید پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہو اہے جب کہ انکے ساتھ دوسرا شخص زخمی ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مہران ولد مختیار سکنہ نبی اور جنید سکنہ چھوٹا لاہور موٹر سائیکل پر گذشتہ رات پونے گیارہ بجے اپنے گائوںجارہے تھے ۔ پولیس چوکی شیر آباد کے مقام پراشارہ دینے کے باوجود نہ رکنے پر پولیس نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں جنید ولد ریاض موقع پر جاں بحق ہو گیا جب کہ مہران شدید زخمی ہو گیا جیسے ایل آر ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا لیکن وہ منگل کی سہ پہر زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔

واقعہ کے خلاف علاقہ نبی کے عوا م نے مقتول مہران کی لاش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا ان کا مطالبہ تھا کہ جن پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر کے بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا ہے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ ڈی پی او صوابی سید خالد ہمدانی نے پولیس چوکی شیر آباد کے انچارج زاہد نواز خان اور کانسٹیبلان یاسر ، حضرت ولی اور طفیل کو فوری طور پر معطل کر کے حوالات میں بند کر دیا ۔

مقتول جنید کی نماز جنازہ ظہر کے بعد ادا کی گئی اس نے اپنے پیچھے ایک معصوم بیٹا ، بیوی جب کہ دوسرے مقتول مہران نے ایک معصوم بیٹی ، ایک بیٹا اور بیوی سو گوار چھوڑی ہے۔ ڈی پی او صوابی سید خالد ہمدانی، ڈی ایس پی لاہور اقبال اور دیگر پولیس حکام نے مقتول جنید کی نماز جنازہ میںشرکت کی اور دونوں مقتولین کے ورثاء کو واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف پوری طرح قانونی کارروائی کرنے کا یقین دلایا ۔