بہاولپور ،کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال کا زیر تعمیر رنگ روڈ ، گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج اور چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری ایند اینمل سائنسزکا دورہ،جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا

جمعرات 25 اکتوبر 2018 22:57

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2018ء)کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے زیر تعمیر رنگ روڈ ، گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج اور چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری ایند اینمل سائنسز بہاول پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس نوشین ملک، ایکسئین ہائی ویز فرخ ممتاز، ایکسئین بلڈنگز اکبر درانی بھی موجود تھے۔

کمشنر بہاول پور نیئر اقبال نے کہا کہ منصوبہ جات کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام تک ترقی کے ثمرات بروقت پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر التواء منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے اس لیے طے شدہ ٹائم فریم میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رنگ روڈ کا منصوبہ 1050ملین روپے کی لاگت سے ساڑھے 10کلومیٹر طویل شاہراہ پر مشتمل ہے جس کے ڈھائی کلومیٹر کے پہلے فیز کا کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔

یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز بہاول پور کے زیر تکمیل اکیڈمک بلاک کے دورہ کے موقع پر کمشنر بہاول پور کو بتایا گیا کہ2012ملین روپے کی لاگت کے منصوبہ کو30جون2019ء کو مکمل کیا جائے گا تاہم رواں سال کچھ شعبہ جات میںکلاسوں کااجراء کر دیا جائے گا۔ کمشنر بہاول پور نیئر اقبال نے گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس بہاول پور کی زیرتعمیر بلڈنگ کا بھی معائنہ کیا اور ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔