Live Updates

جنرل نیازی کی وزیر اعظم عمران خان سے کوئی رشتہ داری اور کوئی تعلق نہیں تھا ،ْاسد عمر

منگل 30 اکتوبر 2018 19:19

جنرل نیازی کی وزیر اعظم عمران خان سے کوئی رشتہ داری اور کوئی تعلق نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے واضح کیا ہے کہ جنرل نیازی کی وزیر اعظم عمران خان سے کوئی رشتہ داری اور کوئی تعلق نہیں تھا۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران اسد عمر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے جنرل نیازی اور عمران خان سے متعلق حالیہ بیان پر کہا کہ جنرل نیازی میانوالی سے ضرور تھے تاہم ان کی عمران خان سے کوئی رشتہ داری نہیں تھی۔

اپنے والد کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن کے بیان پر انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں مولانا کو کس نے گمراہ کیا ،ْمیں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ 1971 کی جنگ میں میرے والد جنرل آفیسر کمانڈنگ ڈویژن کمانڈر 23 ڈویڑن تھے اور جھمب جوڑیاں کے مقام پر تعینات تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جنگ کے دوران پاکستان نے توی کا دریا پار کیا اور جھمب پر قبضہ کیا جو آج بھی پاکستان کا حصہ ہے، اگر مولانا دیکھنا چاہتے ہیں تو میں ان کو وہاں لے جاکر دکھا سکتا ہوں جبکہ اس کا جنگ میں سرینڈر سے کوئی تعلق نہیں۔

یاد رہے کہ جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہا تھا کہ ہم عمران خان کے خاندان کی روایت کو جانتے ہیں، ان کی روایت ہتھیار ڈالنے کی ہے ہتھیار اٹھانے کی نہیں، 1971 میں جنرل نیازی کے ساتھی جنرل عمر تھے اور عمران خان کے ساتھی اسد عمر ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات