پنجاب بھر میں کل تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدہ طے پا جانے کے بعد تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے ہفتے کے روز کھلے ہوں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 2 نومبر 2018 22:52

پنجاب بھر میں کل تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 نومبر 2018ء) پنجاب بھر میں کل تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان ،حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدہ طے پا جانے کے بعد تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے ہفتے کے روز کھلے ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو جانے کے بعد پنجاب کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

کل بروز ہفتہ کو پنجاب کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ2 روز قبل سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آسیہ بی بی کو الزامات سے بری کیا اور رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے مظاہرے کئیے جارہے تھے ۔ملک کے بڑے شہروں میں حالات بدستور کشیدہ تھے۔

تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق حکومت اور مظاہرین میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔ 5 نکاتی معاہدے کے بعد حکومت اور مظاہرین میں اتفاق پایا گیا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے پر نظر ثانی اپیل میں حائل نہیں ہو گی۔آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔حالیہ مظاہروں میں ہونے والی شہادتوں پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔معاہدے میں طے پایا ہے کہ گرفتار کئیے جانے والے کارکنان کو رہا کیا جائے گا۔تحریک لبیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سارے واقعے میں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو تحریک کے قائدین اس پر معذرت خواہ ہیں۔