ایس ای سی پی نے عوامی سطح پر دھوکہ دہی میں ملوٹ دو کمپنیوں کو بند کرنے کی کارروائی شروع کر دی

پیر 5 نومبر 2018 16:57

ایس ای سی پی نے عوامی سطح پر دھوکہ دہی میں ملوٹ دو کمپنیوں کو بند کرنے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے دو کمپنیوں، میسرز گولڈ ٹرانسمٹ نیٹ ورک ٹیکنالوجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور میسرز گرین ایپل سپر مارکیٹ (پرائیویٹ لمیٹڈ) کو بند کرنے کے لئے کمپنیز ایکٹ 2017 کی دفعات 301 اور 304 کے تحت ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ دونوں کمپنیاں غیر مجاز غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں میں ملوث پائی گئی ہیں۔

کمپنیوں کے بارے میں شکایات تھیں کہ وہ فوری اور ناقابلِ یقین منافع کا لالچ دے کر عوام کو ان کے خون پسینے کی کمائی سے محروم کررہی ہیں۔ ایس ای سی پی کی جانب سے عوام الناس آگاہ کیا جاتا ہے کہ سینہ گزٹ مارکیٹنگ، تہہ در تہہ مارکیٹنگ اور ان سے ملتی جلتی مارکیٹنگ کے ذریعے مقامی یا بین الاقوامی کاروبار میں براہِ راست یا بالواسطہ شامل ہونا غیر قانونی عمل ہے اور ایسی سکیموں میں سرمایہ کاری ان کے لئے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ فراڈ اور دھوکہ دہی پر مبنی ایسی کسی بھی سکیم میں سرمایہ کاری نہ کریں جہاں انہیں فوری اور کافی زیادہ منافع کا لالچ دیا جارہا ہو یا مختلف اشیا فروخت کرنے یا نئے ممبران کو گھیر کر سکیم میں شامل کرنیکی ترغیب کے ساتھ بھاری منافع کے خواب دکھائے جا رہے ہوں۔ ایسی دھوکہ باز کمپنیاں اشتہار بازی، ای میلز، موبائل پیغامات، وٹس ایپ، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے عوام کو سرمایہ کاری کی ترغیب دیتی اور بھاری منافع کے سنہرے خواب دکھا کر لوٹ لیتی ہیں۔