اوپن یونیورسٹی بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنے کیمپس تعمیر کریگی ،انعام اللہ شیخ

پیر 5 نومبر 2018 19:56

سرگودھا۔5نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2018ء) ڈائریکٹر ریجنل سروسز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی انعام اللہ شیخ نے کہا ہے کہ سرگودہا ریجن میں طلباء وطالبات کی بڑی تعداد موجود ہے اور انہیں بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اوپن یونیورسٹی کے اپنے کیمپس کی تعمیر کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ فیصل آباد روڈ پر سرگودہا میڈیکل کالج کے قریب سات ایکڑ رقبہ پر اوپن یونیورسٹی کا کیمپس اگلے د وسالوں میں کام شروع کر دے گا۔

کیمپس میں آڈیو ویڈیو کانفرنس رومز ‘ ای لائبریری اور اساتذہ کے ہاسٹلز سمیت دیگر تمام جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا ۔وہ گورنمنٹ ایلیمنٹری ٹیچرز ٹریننگ کالج میں ٹیوٹرز کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سید ظفر اعجاز ‘ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی سرگودہا ڈاکٹر طارق محمود قاضی ‘ پرنسپل ٹیچرٹریننگ کالج محمد ظہور ملک اور ریجنل ڈائریکٹر اوپن یونیورسٹی سرگودہا ملک آفتا ب اعوان ا ور احسان بھٹی بھی موجود تھے۔

انعام اللہ شیخ نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کی تعداد تقریبا چودہ لاکھ ہے جہاں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک بارہ سو مختلف کورسز اور دو سو کے قریب پروگرامز میں انتہائی کم قیمت میں تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کے ا ساتذہ کی تعداد ایک لاکھ کے قریب ہے جبکہ سرگودہا ریجن سے بیس ہزار طلبہ کو اوپن یونیورسٹی زیور تعلیم سے آراستہ کر رہی ہے ۔

انہوںنے بتایا کہ اوپن یونیورسٹی میں بھی جدید اصلاحات لا رہی ہیں۔ طلبہ کو اب اپنے تمام لیکچرز اور کورسز بغیر کسی قیمت کے آن لائن دستیاب ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹرز ہمارہ چہرہ اور شناخت ہیں اور ان کے معاوضوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ان کیلئے مزید سہولیات بھی لائی جارہی ہیں تاکہ وہ معاشی فکر سے آزاد ہو کر تعلیم حاصل کر سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ سرگودہا سمیت ہر ریجن میں ایم فل اساتذہ کو ہر ماہ رجسٹرڈ کیا جائیگا اور اوپن یونیورسٹی ان کے تجربات سے فائدہ حاصل کرے گی اور محنتی اور اچھے نتائج دینے والے ٹیوٹرز کو اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کامطالعاتی دورہ بھی کروایا جائیگا۔ ڈائریکٹر ریجنل سروسز اوپن یونیورسٹی کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ میں ان کا ادارہ گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے اور فیسوں کی ادائیگی کے علاوہ ٹیوٹرز اور ملازمین کی تنخواہوں اور معاوضوں کی ادائیگی کیلئے پورے ملک میں آن لائن اساتذہ کے مسائل سننے کے علاوہ ایلیمنٹری ٹیچرز کالج میں شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودا لگایا۔