Live Updates

شریف خاندان سے اثاثے نہیں کچھ اورپوچھا جارہاہے :جاوید لطیف

منگل 6 نومبر 2018 23:21

شریف خاندان سے اثاثے نہیں کچھ اورپوچھا جارہاہے :جاوید لطیف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2018ء) مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہاہے کہ شریف خاندان سے اثاثو ں کے متعلق نہیں پوچھا جارہا بلکہ کچھ اور پوچھا جارہاہے ، یہ بات درست ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت گرفتار ہوتی نظر آرہی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ جب تک سیاسی قوتیں یہ عہد نہ کرلیں کہ ہم نے کسی کے لئے استعمال نہیں ہونا ایسا ہوتا رہے گا ، انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت گرفتار ہوتی نظر آرہی ہے اور تحریک انصاف کی قیادت گرفتار ہوتی نظر نہیں آرہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید ، زبیدہ جلال ، پرویزخٹک اور خود عمران خان دودھ کے دھلے ہوئے ہیں،پاکستان میں آج تک احتساب نہیں ہوا بلکہ احتساب کو وفاداریاں تبدیل کرنے اور سیاسی جماعتوں کوتوڑنے کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو گرفتار یا رہا کرنا عدالتوں کا اختیار ہے لیکن قانون کے مطابق انصاف مانگنا ہمارا حق ہے ، شریف فیملی کے حوالے سے ان چار سالوں میں جوکچھ احتساب اور کرپشن کے حوالے سے کہا جاتارہاہے کہ وہ غلط ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان سے اثاثوں کے متعلق نہیں پوچھا جارہا بلکہ کچھ اور پوچھا جارہاہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات