آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا

رہائی کے روبکار موصول ہونے کے بعد آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کرکے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے، اسلام آباد میں آسیہ بی بی کو حکومت اپنی حفاظتی تحویل میں رکھے گی

muhammad ali محمد علی بدھ 7 نومبر 2018 23:54

آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7نومبر2018ء) آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق توہین رسالت کے کیس میں بے گناہ قرار دی جانے والی آسیہ بی بی کو رہا کر دیا گیا ہے۔ آسیہ بی بی ملتان سینٹرل جیل میں قید تھیں جہاں سے انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔ آسیہ بی بی گزشتہ 8 سال سے سینٹرل جیل ملتان میں قید تھیں۔ آسیہ بی بی کو پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔

تاہم 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی پر لگنے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ آسیہ بی بی کیخلاف کسی قسم کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا تھا، اسی باعث ان کی پھانسی کی سزا ختم کرتے ہوئے انہیں رہا بھی کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق رہائی کے روبکار موصول ہونے کے بعد آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کرکے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں آسیہ بی بی کو حکومت اپنی حفاظتی تحویل میں رکھے گی۔ واضح رہے کہ31 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آسیہ بی بی کو الزامات سے بری کیا اور رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے مظاہرے کئیے جارہے تھے ۔ ملک کے بڑے شہروں میں حالات کئی روز تک کشیدہ رہے۔

تاہم بعد ازاں حکومت اور مظاہرین میں معاہدہ طے پا گیا۔ 5 نکاتی معاہدے کے بعد حکومت اور مظاہرین میں اتفاق پایا گیا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے پر نظر ثانی اپیل میں حائل نہیں ہو گی۔آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ مظاہروں میں ہونے والی شہادتوں پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔معاہدے میں طے پایا ہے کہ گرفتار کئیے جانے والے کارکنان کو رہا کیا جائے گا۔تحریک لبیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اس سارے واقعے میں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو تحریک کے قائدین اس پر معذرت خواہ ہیں۔