صنعتوں،کمرشل صارفین کیلئے 3 ماہ گیس کی فراہمی بند کرنے کی تجویز

جمعہ 9 نومبر 2018 16:41

صنعتوں،کمرشل صارفین کیلئے 3 ماہ گیس کی فراہمی بند کرنے کی تجویز
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) پیٹرولیم ڈویژن نے اقتصادی رابطہ (ای سی سی) کوصنعتوں اور کمرشل صارفین کے لیے موسم سرما میں 3 ماہ کیلئے گیس کی فراہمی بند کرنے کی تجویز دی ہے۔موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس بحران سے بچانے کیلئے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سفارشات اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ای سی سی کو بھیجی جانے والی سفارشات کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح قراردی گئی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر پاور پلانٹس کو رکھا گیا ہے۔

صنعتوں اور کمرشل صارفین کو دسمبر ،جنوری اور فروری میں گیس کی فراہمی معطل رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی سفارشات کی حتمی منظوری بارہ نومبر کو دے گی۔واضح رہے کہ پاور ڈویژن کی سفارشات کی منظوری کی صورت میں بھی سردیوں میں گیس کی قلت ڈیڑھ ارب کیوبک فٹ رہنے کا امکان ہے، کیونکہ گیس کی طلب 7 ارب جبکہ دستیاب گیس ساڑھے پانچ ارب کیوبک فٹ رہے گی۔