اپنے وسائل سے ملیر کے عوام کو ایک خوبصورت پارک کا تحفہ دیا ہے،میئر کراچی

علاقے کے بزرگوں پر مشتمل کمیٹی اور بچے خود اس کی حفاظت کریں تاکہ یہ طویل عرصے تک قائم و دائم رہے،وسیم اختر کا افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 9 نومبر 2018 18:15

اپنے وسائل سے ملیر کے عوام کو ایک خوبصورت پارک کا تحفہ دیا ہے،میئر کراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اپنے وسائل سے ملیر کے عوام کو ایک خوبصورت پارک کا تحفہ دیا ہے جو یہاں کے بچوں اور خواتین کے لئے تفریح کے بہترین مواقع میسر کرے گا، ملیر یوسی5- میں اس سے قبل اس نوعیت کا کوئی خوبصورت پارک نہیں تھا، بلدیہ عظمیٰ کراچی محدود وسائل کے باوجودشہر کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو پارکس اور دیگر سہولیات مہیا کر رہی ہے، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی وسیم اختر نے لیاقت مارکیٹ ملیر یوسی5- میں نو تعمیر شدہ پارک کو ضلع کورنگی کے چیئرمین کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع ضلع کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا، وائس چیئرمین احمر علی، میونسپل کمشنر ضلع کورنگی شاہد علی خان، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، یوسی5- کے چیئرمین غلام محی الدین، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا اور دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ہر ممکن خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، ملیرمیں بچوں اور خواتین کیلئے خوبصورت پارک کا تحفہ دے رہے ہیں، علاقے کے بزرگوں پر مشتمل کمیٹی اور بچے خود اس کی حفاظت کریں تاکہ یہ طویل عرصے تک قائم و دائم رہے، ماضی میں یہ پارک کچرے کا ڈھیر بنا ہوا تھا، آج اس کا موازنہ شہر کے پوش علاقوں میں واقع پارکس سے کیا جاسکتا ہے، سندھ حکومت سے درخواست کروں گا کہ ان علاقوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دیں تاکہ یہاں کے لوگوں کو پانی اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی میسر آسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں بری طرح نظر انداز کئے گئے شہر کے مضافاتی علاقوں میں بہت کچھ ہونا چاہئے ہم سے جو ممکن ہوسکتا ہے کررہے ہیں، یہ پارک بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے ملیر کے عوام کے لئے ایک تحفہ ہے اسی طرح کے مزید تحائف کراچی کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو دیتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ دن بھر کے تھکے ماندے افراد کے لئے یہ گوشہ بہترین سکون کی جگہ ثابت ہوگا، ملیر اور کھوکھرا پار میں سڑکوں کا اسٹرکچر بھی بہتر بنا رہے ہیں جبکہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے علاقے میں سیوریج کے مسائل بھی حل کئے ہیں، قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا نے میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک خوبصورت اور دلکش پارک ضلع کورنگی کے لوگوں کو بنا کر دیا، انہوں نے کہا کہ یہ پارک 1980 میں بنا تھا تاہم اس کے بعد یہ غفلت کا شکار رہا اور تباہ ہوگیا تھا، اب اسے دوبارہ بحال کیا گیا ہے، علاقے کے لوگ اسے اون کریں اور یہاں کچرا پھینکنے سے گریز کریں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں جتنا کام ہوا ہے اتنا کام بلدیاتی اداروں میں سابق ایڈمنسٹریٹرز کے دور میں نہیں ہوا جس سے ہماری کارکردگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے پارک کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی گئیں مختلف سہولیات کی تفصیلات معلوم کیں، پارک کی افتتاحی تقریب میں بینڈز نے مختلف دھنیں بجا کر لوگوں کے دل جیت لئے جبکہ بچوں کے لئے بنائے گئے اسکیٹنگ ایریا میں بچے اسکیٹنگ سے خوب محظوظ ہوئے،میئر کراچی اس موقع پر لوگوں میں گھل مل گئے اور انہیں مبارکباد دی جبکہ علاقے کے لوگوں نے میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا، قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے کھوکھرا پار نمبر 2 میں زیر تعمیر سڑک کا معائنہ کیا اس موقع پر یوسی چیئرمین عاصم صدیقی بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہر کے ہر حصے میں ترقیاتی کام کر ارہے ہیں امید ہے کہ اس سے بہتری آئے گی اور کراچی کے لوگوں کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔