سپریم کورٹ نے 68دہشت گردوں کو بری کرنے کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا

جمعہ 9 نومبر 2018 23:10

سپریم کورٹ نے 68دہشت گردوں کو بری کرنے کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2018ء) سپریم کورٹ نے 68دہشت گردوں کو بری کرنے کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر تے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ملزمان کی رہائی سے روکدیا ہے ، اورکیس کی مزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی ہے ، جمعہ کو جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پشاورہائیکورٹ کی جانب سے 68دہشت گردوں کی بریت کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے پیش ہو کرعدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ اس معاملے میں پشاور ہائیکورٹ نے حقائق کا درست طور پر جائزہ نہیں لیا، اس نے دہشتگردی جیسے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو شک کا فائدہ دیا ہے حالانکہ حقائق سے ملزمان کے جرائم ثابت ہوچکے ہیں اس لئے استدعا ہے کہ پشاورہاہیکورٹ کافیصلہ کالعدم قرارد ے کر ملزمان کی سزائیں بحال کرتے ہوئے جیل حکام کو ملزمان کی رہائی سے روکا جائے۔

(جاری ہے)

جس پرعدالت نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا اور تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ کوملزمان کی رہائی سے روکدیا اور مزید سماعت ملتوی کردی۔ یادرہے کہ ان تمام ملزمان کوفوجی عدالتوں نے دہشت گردی ایکٹ کے تحت مختلف سزائیںسنائی تھیں لیکن پشاور ہائیکورٹ نے سزائوں کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا تھا۔