کراچی سے جانیوالا پی آئی اے طیارہ پنجگور ائیرپورٹ پر رن وے سے اتر گیا ،ْ مسافرمحفوظ

ریلیف فلائٹ مسافروں کو لانے کیلئے تیار ہے ،ْ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اجازت کے منتظر ہیں ،ْ ترجمان

ہفتہ 10 نومبر 2018 14:18

کراچی سے جانیوالا پی آئی اے طیارہ پنجگور ائیرپورٹ پر رن وے سے اتر گیا ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2018ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای) کی کراچی سے جانے والی پرواز کو پنجگور ایئرپورٹ پر حادثہ پیش آیا اور طیارہ رن وے سے اتر کر کچی زمین پر پہنچ گیا۔پی آئی اے کی پرواز پی کے 517 صبح 8 بجکر 20 منٹ پر کراچی سے روانہ ہوئی تھی تاہم جیسے ہی پرواز نے پنجگور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، طیارہ رن وے سے بے قابو ہوکر کچی زمین پر اتر گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کا ایک ٹائر پھٹ گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں موجود تمام 54 مسافر محفوظ ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ریلیف فلائٹ مسافروں کو لانے کے لیے تیار ہے، جس کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اجازت کے منتظر ہیں۔دوسری جانب پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

مالی مسائل میں گھری قومی ایئرلائن کی کسی پرواز کے ساتھ اس قسم کا حادثہ پہلی مرتبہ پیش نہیں آیا، اس سے قبل بھی پی آئی اے کی متعدد پروازیں حادثات کا شکار ہوچکی ہیں۔

جنوری 2017 میں ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ ٹیکسی کرتے ہوئے ایئر فرانس کے طیارے سے ٹکرا گیا تھا جس سے طیارے کے پروں کو نقصان پہنچا تھا تاہم مسافر محفوظ رہے تھے اس سے قبل دسمبر 2016 میں چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھاجس کے نتیجے میں عملے سمیت طیارے میں سوار 47 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی شامل تھے۔اسی سال ملتان میں پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز کے انجن میں ٹیک آف سے پہلے آگ بھڑک اٹھی تھی۔